ڈی جی خان : کراچی سے ڈیرہ غازی خان جانے والی مسافر بس جام پور کے قریب ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں سات مسافر جاں بحق اور بیس زخمی ہوگئے۔
واقعہ کوٹلہ نصیر کےعلاقے میں انڈس ہائی وے پر پیش آیا۔ مقامی افراد اور امدادی کارکنوں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال جام پور منتقل کیا۔ جہاں سے آٹھ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اسپتال ڈیرہ غازی خان لے جایا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔